اسلامی معارف

چراغ ہدایت (اداریه مجله اختر تابان، شماره9)

چراغ ہدایت

ماہِ جمادی‌الاول اور جمادی‌الثانی، ہمارے لیے صرف تقویمی ایام کی تبدیلی نہیں، بلکہ ایک عظیم تاریخی واقعہ کی یاد دہانی ہے۔ یہ وہ مہینے ہیں  جن میں اہلِ بیت (علیہم السلام)سے منسوب متعدد تاریخیں ہیں۔ جن میں سے سب سے  شمعِ ہدایت، حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا)، کی شہادت کے دن بھی ہیں۔ دنیائے تشیع انہیں دو مہینوں میں شہادت حضرت فاطمہ زہراؑ کا غم مناتی ہے۔ شہادت کی واقعی تاریخ میں اختلاف ہے لیکن یہ اختلافِ تاریخ، ہمیں آپ کی عظمت، قربانی اور پیغام سے دور نہیں کرتی؛ بلکہ ہمیں یہ موقع دیتا ہے کہ تمام مناسبتوں میں آپ کی زندگی، جدوجہد، صبر اور ولایت کے درس کو اپنے دلوں میں اتاریں اورچراغ ہدایت کو اپنے عمل و کردار سے روشن کرکے دوسروں کے قلوب کو بھی منور کریں اور سیرت فاطمیؑ کو اپناتے ہوئے اس کی تبلیغ کریں۔

حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) صرف “نبی کی بیٹی” یا “امیرالمؤمنینؑ کی زوجہ” یا “حسنینؑ کی ماں” نہیں تھیں؛ بلکہ آپ ایک مکمل انسان تھیں جن میں معنویت کی بلند ترین اونچائی، خاندانی ذمہ داری کا مکمل نظام و نصاب، اور سیاسی جد وجہد کی جرات کا امتزاج تھا۔ آپؑ نے نہ صرف مسجد میں خطبۂ فدکیہ دے کر حق کا دفاع کیا، بلکہ گھر کی چار دیواری میں رہ کر بھوکوں اور ضرورتمندوں کے لئے رزق کا انتظام کیا، بیماروں کی تیمارداری فرمائی  اور اپنے شوہر کو راہ خدا میں خدمات اور قربانیوں کے لئے مدد فرمائی۔ آپ کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ عبادت اور جہاد، خانہ داری اور سیاست، کوشش اور خدمات۔ یہ سب ایک کامل مسلمان کی شخصیت کے اجزاء ہیں، یہ الگ الگ لوگوں کے لئے الگ الگ راستے نہیں ہیں۔

قارئین کے ہاتھوں میں جو خصوصی مجلہ ہے، اس میں زیادہ تر مضامین حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کی عظیم شخصیت اور آپ کی زندگی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالنے والے ہیں ۔ ہمیں کوشش کرنا چاہئے کہ آپ ؑکی زندگی کے متعدد پہلوؤں کو آئیڈیل بناکر اپنی زندگی میں بہترین تبدیلی لائیں اور خاص طورپر اپنی قوم کی بیٹیوں  کوعلم و معنویت و اسلامی اخلاق کے زیور سے آراستہ کریں اورمختلف”سماجی میدانوں” میں شراکت کے لئے آمادہ کریں کیونکہ ہمارے سامنے حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) ایک ایسا نمونہ  ہیں کہ جو ایک ہی وقت میں بیٹی، بیوی، ماں کے ساتھ ساتھ عابدہ، مجاہدہ، خطیبہ اور قوم کے لئےمعلم ومربی و رہنما رہی ہیں۔  اسی لئے کہا جاسکتا ہے کہ”فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) صرف ایک تاریخی شخصیت نہیں، بلکہ ہر دور کے لیے چراغ ہدایت ہیں۔” خداوندمتعال سے دعا ہے کہ ہمیں آپؑ کی پاکیزہ سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین یا ربّ العالمین)۔

متعلقہ مضامین

تبصره کریں

Back to top button