بنیاد کی خبریںبنیاد اختر تابانبنیاد کے پروگرام اور سرگرمیاںدینی مناسبات

حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت اور مرحوم سید مرتضی رضوی (رہ) کی برسی کے موقع پر بنیاد اختر تابان کے دفتر میں مجلس عزاء کا انعقاد

بنیاد اخترتابان کی جانب سے سرزمین قم پر جوار حضرت معصومہ علیہا السلام میں آپ کے والد گرامی حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت اور علامہ سعید اختر رضوی کے فرزند ارجمند مرحوم سید مرتضی کی برسی کے موقع پر ایک مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام کا انعقاد بنیاد اختر تابان کے دفتر میں ہوا جس میں مشرقی افریقہ اور ہندوستان کے علماء اور طلاب کرام نے شرکت فرمائی۔ اس پروگرام کا آغاز مرحوم سید مرتضی رضوی کے لئے قرآن خوانی کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد مجلس کا آغاز قاری محترم جناب سید محمد حسن جیدی کے توسط سے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
اس پروگرام میں اردو اور فارسی زبان کی تقریر ہوئی۔ اردو زبان میں بنیاد اختر تابان کی جانب سے منعقد تربیت مبلغ تخصصی کورس میں شرکت کرنے والے مولانا سید کلب حسن صاحب نے تقریر کی۔ اس کے بعد فارسی زبان میں شاعر محترم جناب حسن میریزدی صاحب نے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا مرثیہ پیش کیا۔
فارسی زبان میں بین الاقوامی مقرر اور ادیان و مذاہب یونیورسٹی قم کے وائس چانسلر ڈاکٹر جہانگیری صاحب نے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی حیات طیبہ اور پر آشوب ماحول میں امام علیہ السلام کی عظیم خدمات پر روشنی ڈالی اور بیان فرمایا کہ ساتویں امام علیہ السلام کا عظیم کارنامہ یہ تھا کہ آپ نے کئی سال تک قید و بند کی زندگی گزاری تھی لیکن پھر بھی تمام داخلی اور خارجی  دشمنوں سے مقابلہ کرتے ہوئے مذہب تشیع کی ایسی تقویت فرمائی کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے بعد سے شیعوں میں فرقہ بندی ختم ہوگئی اور مختلف ممالک اور شہروں میں رہنے والے شیعوں میں مضبوط رابطہ قائم کردیا۔
مجلس کے پروگرام کے بعد حاضرین کی خدمت میں نذر مولا حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام پیش کی گئی۔

متعلقہ مضامین

تبصره کریں

Back to top button
×