اسلامی معارف

حقیقی عید النبیؐ

  پیغمبراکرمﷺ، انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور محبت کا ایک روشن باب ہے۔ آپ کی ولادت باسعادت کے ایام ہمارے لئے نہ صرف مسرت و خوشی کے لمحات ہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے لیے امن، انصاف، محبت اور خدمت خلق  کی شمعوں کو روشن کرکے دنیا کو منور کرنے کے بہترین ایام ہیں۔رسول گرامیؐ کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لیے رہنما ہے۔ آپؐ کی سادگی، صبر، بردباری اور حق گوئی نے دنیا کو انسانیت کا حقیقی چہرہ دکھایا۔ آپؐ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی، عاجز و محتاج کی خدمت کی اور بغیر کسی امتیاز کے سب کے ساتھ محبت اور شفقت برتی۔ یہی سبق ہمیں آج بھی درکار ہے تاکہ ہم اپنے معاشرے کو بہتر  بنا سکیں۔

 ہمیں خاص طوپر ان دنوں میں کوشش کرنا چاہئے کہ ہم اپنی زندگیوں میں آنحضرتؐ کی تعلیمات کو نافذ کریں اور امن و محبت کا دامن تھامیں۔ آج کی دنیا کو شدت پسندی، نفرت اور انتشار سے بچانے کا بہترین ذریعہ یہی ہے کہ ہم رسول اکرمؐ  کی سیرت و سنت پر واقعی معنی میں عمل کریں ؛  پیغمبراکرمﷺ فرماتے ہیں: « أُعْطِيتُ خَمْساً وَ لاَ أَقُولُ فَخْراً، بُعِثْتُ إِلَى اَلْأَحْمَرِ وَ اَلْأَسْوَدِ، وَ جُعِلَتْ لِيَ اَلْأَرْضُ طَهُوراً وَ مَسْجِداً، وَ أُحِلَّ لِيَ اَلْمَغْنَمُ وَ لَمْ يُحَلَّ لِأَحَدٍ قَبْلِي، وَ نُصِرْتُ بِالرُّعْبِ فَهُوَ يَسِيرُ أَمَامِي مَسِيرَةَ شَهْرٍ، وَ أُعْطِيتُ اَلشَّفَاعَةَ فَادَّخَرْتُهَا لِأُمَّتِي يَوْمَ اَلْقِيَامَةِ»؛ “مجھے سرخ و سیاہ یعنی تمام رنگ و نسل کے لوگوں کی طرف بھیجا گیا ہوں۔زمین میرے لیے پاک اور مسجد قرار دی گئی ہے۔میرے لئے غنیمت کو  حلال کیا گیا ہے جبکہ مجھ سے پہلے  کسی کے لئے مال غنیمت حلال نہیں تھا۔ مجھے خوف کے ذریعے نصرت دی گئی ہے  اور یہ خوف دشمنوں کے دلوں میں ایسا غالب آیا کہ وہ ایک مہینے کی مسافت تک میرے سامنے سے بھاگ جاتے ہیں۔ مجھے شفاعت کا مقام عطا کیا گیا ہے اور میں نے اسے قیامت کے دن اپنی امت کے لیے محفوظ رکھا ہے”۔  آئیے ان مبارک ایام میں اپنے دلوں کو صاف کریں، اپنی سوچوں کو مثبت کریں اور اپنے افعال میں اصلاح کریں تاکہ ہم اپنی زندگیوں میں انصاف، محبت اور بھائی چارے کی روشنی بکھیرسکیں۔  یہی اصل تحفہ ہے جس کے ذریعہ ہم پیغمبر اسلامؐ اور اس مہینے میں دوسری ولادتوں اور خوشیوں کے موقعوں پرحقیقی عید منا سکتے ہیں ورنہ اگر آنحضرتؐ کی سیرت و سنت کے برخلاف عمل کریں گے توعیدمنانے کے حقدار نہیں رہیں گے بلکہ اپنی ہی شرمندگی کا سامان فراہم کریں گے۔  (والسلام)

متعلقہ مضامین

تبصره کریں

Back to top button